چٹاگانگ(آئی این پی) چٹاگانگ ٹیسٹ میں پاکستان نے بائولرز کی تباہ کن بائولنگ کے باعث گرفت مضبوط کرلی۔قومی ٹیم نے 202رنز ہدف کے تعاقب میں بغیر کسی نقصان کے 109رنز بنا لئے ہیں،پاکستان کو میچ کے آخری روز جیت کیلئے93رنز درکار ہیں اور اسکی تمام وکٹیں ابھی باقی ہیں۔عابدعلی 56اور عبداللہ شفیق 53رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔قبل ازیں بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں157رنز پر ڈھیر ہو گئی۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے5،ساجد خان نے3اور حسن علی نے2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔پیر کو چٹاگانگ میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن بنگلہ دیش نے 39رنز پر 4کھلاڑی آئوٹ سے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو چند رنز کے اضافے سے سے پہلی اننگز میں عمدہ بلے بازی کرنے والے مشفیق الرحیم 16رنز بنا کر حسن علی کا شکار بن گئے۔90رنز کے مجموعے پر 36رنز بنانے والے یاسر علی شاہین شاہ آفریدی کی تیز گیند لگنے سے زخمی ہوکر میچ سے باہر ہوگئے۔اس کے بعد لٹن داس کا ساتھ نبھانے مہدی حسن میراز کریز پر آئے لیکن ساجد خان نے 11رنز بنانے کے بعد ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔لٹن داس اور یاسر علی کی جگہ ٹیم کا حصہ بننے والے نورالحسن نے اسکور 157رنز تک پہنچایا، اس کے بعد نورالحسن 15رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔پہلی اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے لٹن داس نے دوسری اننگز میں بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 59رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد وہ اسی مجموعے پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بھی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔بنگلہ دیش کے آخری دو کھلاڑی بھی اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر وکٹ دے بیٹھے، یوں پوری ٹیم 157رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پہلی اننگز کی 44رنز کی برتری شامل کرنے کے بعد پاکستان کو میچ میں جیت کے لیے 202رنز کا ہدف دیا۔قومی ٹیم کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5وکٹیں حاصل کیں۔پہلی اننگز میں 5وکٹیں لینے والے حسن علی 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کر پائے جبکہ ساجد خان نے 3شکار کیے۔202رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز عابد علی اور عبداللہ شفیق نے ایک مرتبہ پھر ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔دونوں کھلاڑیوں نے ابتدائی طور پر سنبھل کر بیٹنگ کی اور بنگلہ دیشی بالرز کا ڈٹ کر سامنا کرتے ہوئے چائے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔چائے کے وقفے کے بعد بھی میزبان بالرز وکٹ کے لیے ترستے رہے اور عابد علی نے بہترین فارم برقرار رکھتے ہوئے اپنی نصف سنچری اسکور کی۔پہلا میچ کھیلنے والے عبداللہ نے بھی عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور لگاتار دوسری اننگز میں چھکے ذریعے ففٹی کا ہنسہ عبور کیا۔جب میچ کے چوتھے دن خراب روشنی کے سبب کھیل جلدی ختم ہوا تو پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 109رنز بنائے تھے اور قومی ٹیم کو میچ میں فتح کے لیے مزید 93رنز درکار ہیں۔عابد 56اور عبداللہ شفیق 53رنز پر بیٹنگ کررہے ہیں اور لگاتار دوسری اننگز میں سنچری شراکت کی بدولت منفرد اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔دونوں کھلاڑی پاکستان کی جانب سے دونوں اننگز میں سنچری شراکت قائم کرنے والی دوسری جوڑی بن گئی ہے جہاں اس سے قبل یہ کارنامہ 2003 میں توفیق عمر اور عمران فرحت کی جوڑی نے جنوبی افریقہ کے خلاف انجام دیا تھا۔