کانپور(آئی این پی)بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کانپور میں ہونے والا ٹیسٹ سنسنی خیز لمحات میں داخل ہونے کے بعد ڈرا ہوگیا۔جہاں بھارتی ٹیم کو جیت کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی وہاں خراب روشنی کے باعث کھیل کو روکنا پڑا۔ٹیسٹ کے آخری روز نیوزی لینڈ نے284رنز ہدف کے تعاقب میں 9وکٹوں کے نقصان پر 165رنز بنالیے تھے جبکہ رویندرا اور پٹیل بھارتی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے تھے۔ ایسے میں امپائر نے روشنی کا جائزہ لیا اور میدان میں مطلوبہ روشنی نہ ہونے کے باعث میچ کو روک دیا گیا۔ میچ کی پہلی اننگز میں بھارت نے 345رنز بنائے جس کے جواب میں کیوی ٹیم 296رنز بنا کر آل آئوٹ ہوئی۔بھارت نے اپنی دوسری اننگز 7کے نقصان پر 234رنز بنا کر ڈکلیئر کی تو اس کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 284رنز کا ہدف ملا تھا۔چوتھے روز کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے 4رنز بنالیے تھے تاہم وہ ول ینگ کی صورت میں ایک وکٹ گنواچکے تھے۔آخری روز نیوزی لینڈ نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے جہاں اس نے اس اننگز میں مجموعی طور پر 98اوورز کھیلے۔