نوجوانوں کا حکومت پر عدمِ اعتمادکا اعلان کر دیا:لیاقت بلوچ

Nov 30, 2021

لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں جماعت اسلامی یوتھ کی کامیابی پر ملک بھر کے نوجوانوں صدر جے آئی یوتھ زبیر گوندل کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں نے حکومت پر مکمل عدمِ اعتمادکا اعلان کر دیا ہے۔نوکریوں، باعزت زندگی کی چوری وزیرِاعظم عمران خان پر چسپاں ہو گئی ہے۔ بے روزگاری والدین اور نئی نسل کے لیے بڑا روگ بن گئی ہے۔ مہنگائی سے چولہے ٹھنڈے،بے روزگاری سے آمدن کے ذرائع کم تر اور قوت خرید ختم ہو رہی ہے۔ عمران خان نے آئی ایم ایف کی بدترین عوام دشمن شرائط مان کر عوام کو دیوالیہ کر دیا ہے۔ حکومتی اقتصادی ٹیم عالمی استعماری قوتوں نے مسلّط کی ہے جِس کا ٹاسک پاکستان کو اقتصادی اعتبار سے دیوالیہ کرنا ہے۔ عمران خان ضِدہٹ دھرمی چھوڑیں اپنی ناکامی تسلیم کریں،مستعفی ہوں اور عوام سے نیا مینڈیٹ کے لئے رجوع کیا جائے۔ دوسری صورت میں قومی قیادت، حکومت، اپوزیشن اور ریاستی ادارے ڈائیلاگ کریں۔ملک کو بحرانوں سے نکالیں۔ حکومت طلبہ اورنوجوانوں کے مطالبات تسلیم کرے۔لیاقت بلوچ نے مظفرآباد میں ورکرز کنونشن اورمانسہرہ میں ضلعی بلدیاتی انتخابی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان بلدیاتی اور عام انتخابات کے لئے جذبہ ایمانی اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے عزم سے متحرک ہو جائیں۔

مزیدخبریں