ماں ، بچے کی صحت کیلئے مدراینڈ چائلڈ ہسپتال بنائینگے:یاسمین راشد

 لاہور(سٹی رپورٹر) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدسے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرمیں برٹش ہائی کمیشن کی ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر مس اینابیل گیری نے ملاقات کی۔اس موقع پر سیکرٹری صحت عمران سکندربلوچ،ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ اور وفدمیں شامل دیگر اراکین موجودتھے۔ ڈاکٹریاسمین راشداور مس اینابیل گیری کے درمیان باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال ہوا۔برٹش ہائی کمیشن کی ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر مس اینابیل گیری نے پنجاب کی عوام کو صحت کے شعبہ میں سہولیات فراہم کرنے پروزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی کاوشوں کو سراہا۔  وزیراعظم عمران خان پنجاب کے تمام2کروڑ93لاکھ خاندانوں کو یکم جنوری سے صحت سہولت کارڈ تقسیم کرنے جارہے ہیں۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ صوبہ بھر میں ماں اور بچے کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے بنیادی اقدامات اٹھارہے ہیں اورپنجاب میں ماں اور بچے کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈ چائلڈ ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے وزیرخزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کے ہمراہ ایوان وزیراعلی میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے اجلاس کی صدارت کی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے وڈیولنک کانفرنس کے ذریعے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعلی پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری عامرجان، چیئرمین پی این ڈی،محکمہ صحت کے سیکرٹری وافسران،بیرسٹرنبیل اعوان اورپنجاب ہیلتھ انشورنس مینجمنٹ کمپنی کے افسران بھی شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران پنجاب کی عوام کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔

ای پیپر دی نیشن