شفافیت کے دعویداروں کے چہرے بے نقاب :جاویدقصوری

Nov 30, 2021

لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے اسلام آباد کے ڈی چوک میں یوتھ مارچ کی شاندار کامیابی پر ذمہ داران اور عوام الناس سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داران اور کارکنان کی شبانہ روز محنت کے نتیجے میں یوتھ مارچ کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے۔ نوجوانوں نے جس طرح سرا ج الحق کی قیادت پر اعتماد کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ بے مثال ہے اور اس سے نوجوانوں کے جعلی نمائندوں کی آنکھیں کھل جانی چاہییں۔ اس ملک کی 60فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ نوجوانوں کو درپیش مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے نوجوانوںکو سب سے زیادہ مایوس کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں بھی بڑے بڑے اسکینڈلز منظر عام پر آرہے ہیں۔ ایل این جی کے اسکینڈل میں 800 ارب روپے لوٹ لیے گئے ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا حکومت کی جانب سے آڈٹ جنرل کی کورونا پیکیج میں 40ارب روپے کی خرد برد کی رپورٹ کو 6ماہ تک چھپا کر رکھنا انتہائی شرمناک اقدام ہے۔ شفافیت کے دعویداروں کے چہروں سے نقاب اتر چکے ہیں۔موجودہ حکمران بھی ماضی کی حکومتوں کا ہی تسلسل ہیں۔ ان سے بھی نجات حاصل کرنے کا وقت آن پہنچا ہے ۔ 

مزیدخبریں