پارلیمانی نظام کا دفاع کرینگے: زرداری ، قوم کو متفقہ آئین دیا : بلاول

Nov 30, 2021

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پارلیمانی نظام کادفاع کرینگے۔ جبکہ بلاول نے کہا پی پی نے قوم کو متفقہ  آئین کا تحفہ دیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے 54 ویں یوم تاسیس پر پیغامات میں پی پی قائدین نے جمہوریت کی خاطر قربانیاں دینے اور کوڑے کھانے والے جیالوں کو سلام پیش کیا ہے۔ تفصیل کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے بانی کے فلسفے اور منشور پر ثابت قدم ہے۔ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ملک میں پارلیمانی نظام کیلئے جدوجہد کی تھی اور ملک کو پارلیمانی نظام دیا تھا۔ آج کے دن ہم اپنے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔ بااختیار پارلیمنٹ اور عوام کے حق حاکمیت پر کوئی سودے بازی نہیں کرینگے۔ اسلام ہمارا دین ہے، سوشلزم ہماری معیشت ہے، جمہوریت ہماری سیاست ہے اور طاقت کا سرچشہ عوام ہیں۔ 18 ویں آئینی ترمیم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کی تکمیل بھی ہے اور جمہوریت دشمنوں سے جمہوری انداز میں انتقام بھی ہے۔  چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ  پاکستان میں جمہوریت کا ترجمہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے، جس کا منشور و لائحہ عمل ہی، اب 22 کروڑ پاکستانیوں کے وطن کو ایک حقیقی جمہوری و فلاحی ریاست بنانے کا واحد راستہ ہے۔  پاکستان پیپلز پارٹی ایک تحریک ہے، جس کی اساس قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریئے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفے، اور کئی نسلوں کی جدوجہد و قربانیوں پر محیط ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی پی نے مشکل ترین حالات کا مقابلہ کرکے، ملک و قوم کو بیش بہا سٹرٹیجک تحفے دیئے، جن میں ملک کو پہلا متفقہ آئین، ناقابل تسخیر دفاع کے ضامن جوہری پروگرام اور میزائیل ٹیکنالوجی، صوبائی خودمختاری، اور زرعی و معاشی اصلاحات دینا شامل ہیں۔ آج تجدید عہد نو کا دن ہے کہ ہم عوام کے حق حاکمیت، خواتین کی آزادی، اقلیتوں کی قومی دھارے میں شمولیت، جمہوری اداروں کو بااختیار، آئین کی حکمرانی، اور عوام کی بھبود و ترقی کے لیئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ 

مزیدخبریں