لاہور (اپنے نامہ نگار سے) صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے این اے 133 میں ضمنی الیکشن کے انتظامات کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ریٹرننگ آفیسر، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر، ڈپٹی کمشنر لاہور، لفٹیننٹ کرنل پاک رینجرز، ایس ایس پی آپریشن، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن، سٹی ٹریفک آفیسر کے ساتھ اہم ملاقات کی۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے انتظامیہ سے ضمنی انتخاب کی حتمی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ رینجرز کے حکام نے آگاہ کیا کہ حلقے میں پولنگ کے روز رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔ تمام حساس پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ سٹیشن کے باہر رینجرز کے جوان تعینات کئے جائیں گے، جبکہ حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے جائیں گے۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ووٹوں کی خریداری کی مبینہ ویڈیوز کے حوالے سے متعلقہ افسران کو ہدایات دیں کہ جلد از جلد مقررہ وقت کے اندر فرانزک انکوائری کی رپورٹ مہیا کریں تاکہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ ووٹوں کی خریداری کے حوالے سے وڈیوز کی فرانزک انکوائری اور اس میں موجود افراد اور مقامات کی نشاندہی کے بعد اس فعل کے مرتکب ہونے والے افراد کو ہر گز معاف نہیں کیا جائے گا۔