لاہور (نوائے وقت رپورٹ) عاصمہ جہانگیر فاؤنڈیشن نے لاہور سیمینار میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی تقریر پر حکومتی تنقید مسترد کردی۔ عاصمہ جہانگیر فاؤنڈیشن کے اعلامیے کے مطابق کانفرنس میں کسی ایک جماعت کا ساتھ یا جانبداری کا تاثر رد کرتے ہیں۔ کانفرنس کی روایت ہے کہ اختتامی سیشن میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو خطاب کیلئے بلایا جاتا ہے۔ پہلی کانفرنس میں شیریں مزاری اور بلاول بھٹو جبکہ دوسری میں یوسف رضا گیلانی نے خطاب کیا۔ پہلی 2 کانفرنس پر کسی نے کوئی اعتراض نہیں اٹھایا۔ اعلامیے کے مطابق نواز شریف کی تقریر کو بلیک آؤٹ کرنا موجودہ دور میں میسر آزادی رائے پر سوالات اٹھاتا ہے۔ موجودہ حکومت نے اسحاق ڈار اور پرویز مشرف کی تقاریر نشر ہونے دیں، انہیں عدالتیں اشتہاری قرار دے چکی ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کانفرنس کو ٹارگٹ کرکے حکومت نے عدلیہ کو درپیش اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی ہے۔ عاصمہ جہانگیر کانفرنس عوام کی اسمبلی ہے، اس کو سیاسی رنگ دینا افسوسناک ہے۔
نواز شریف کی تقریر پر حکومتی تنقید مسترد کرتے ہیں: عاصمہ جہانگیر فاؤنڈیشن
Nov 30, 2021