چٹاگانگ ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر عابد علی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔پی سی بی کے ٹوئٹر اکاونٹ پر جاری ویڈیو بیان میں عابد علی نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتا ہوا آرہا ہوں، پر اعتماد تھا اور ایک اچھی پارٹنر شپ ہی لگانی تھی۔انہوں نے کہا کہ مین آف دی میچ قرار دیے جانے کی بہت خوشی ہے جس کا کریڈٹ ڈومیسٹک میں کھیلنے کو جاتا ہے، ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے مجھے اعتماد ملا ہے، پہلی اننگز میں سنچری مکمل کی مگر دوسری میں نہ کر سکا جس کا افسوس ہے لیکن یہ کھیل کا حصہ ہے اور خوشی ہے کہ ہم میچ جیت گئے۔عابد علی نے کہا کہ آئی سی سی مینز ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ ہمارے لیے بڑی اہم ہے، پہلا ٹیسٹ ہم نے جیت لیا ہے اور اب دوسرے ٹیسٹ میچ کو دیکھ رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ ٹیسٹ چمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل میں اوپر کی طرف بڑھتے جائیں۔عابد علی 4 دسمبر سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے بھی خاصے پرعزم نظر آئے۔انہوں نے کہا کہ دوسرے میچ میں بھی اسی مومنٹم کو لے کر چلوں گا، یہ پرفارمنس اب ماضی کا حصہ بن چکی جس کے بعد اب ڈھاکا میں بھی مثبت مائنڈ سے کھیلنا ہے۔اس موقع پر عابد علی نے ساتھی اوپنر عبد اللہ شفیق کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اچھی بیٹنگ کے ذریعے بہت مدد کی ہے میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔