کراچی (نیوز رپورٹر) یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے کہا ہے کہ یورپی یونین کی طرف سے سندھ میں متاثرہ اسکولز کی بحالی کے لئے 12.6 ملین یوروز کی گرانٹ منظور کی گئی ہے انہوں نے
سندھ میں میوزک ٹیچرز کی بھرتی کے عمل کو اچھا قرار دیا اور ڈیپ پروگرام کے تحت اسکولز کی اپگریڈیشن، ڈیٹا اور ٹیچرز ٹریننگ کے سلسلے میں تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی جبکہ صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ کا کہنا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے 2.5 ملین بچوں کی تعلیم نہ صرف متاثر ہوئی بلکہ بچوں پر نفسیاتی اثرات بھی مرتب ہوئے پوسٹ پرائمری ایجوکیشن کے تحت پرائمری اسکولز کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے ملاقات کی ۔اس موقع پر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندھ اکبر لغاری، یورپی یونین ڈیلیگیشن کے ایکٹنگ ہیڈ سوین ریوسیچ بھی موجود تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر تعلیم سندھ نے برسات صورتحال کے بعد متاثرہ اسکولز کی بحال اور درپیش چئلینجز پر آگاہی دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ سیلاب کی وجہ سے 2.5 ملین بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی۔سندھ میں برساتوں اور سیلاب سے 9 ہزار اسکولز مکمل طور پر تباہ ہوئے ۔سیلاب کے دوران 5 ہزار اسکولز میں متاثرین نے پناہ لی۔ بچوں کے تعلیمی سلسلے کو بحال رکھنے کے لیے لرننگ سینٹرز قائم کئے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین بچے نفسیاتی سطح پر بھی متاثر ہوئے ہیں۔تعلیمی سلسلے کو جاری رکھ کر بچوں کی نفسیاتی صحت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت اسکولز کی بحالی کے سلسلے کا آغاز ہوچکا ہے،بچوں کی داخلہ بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ سردار شاہ نے کہا کہ سندھ میں 35 ہزار پرائمری اسکولز ہیں، جبکہ 4 ہزار 4 سو سے زائد سیکنڈری اسکولز ہیں۔ پوسٹ پرائمری ایجوکیشن کے تحت پرائمری اسکولز کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔پرائمری تعلیم کے بعد بچوں کا تعلیمی سلسلہ کسی صورت نہیں رکنا چاہیے ۔کرونا کے بعد سیلاب کی وجہ بچوں کی تعلیم کا بہت نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 50 ہزار سے زائد اساتذہ کو غیرجانبدار طریقے سے بھرتی کیا ہے۔ بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کے سلسلے میں فائن آرٹ ٹیچر اور میوزک ٹیچر کو بھرتی کرنے جا رہے ہیں۔اس موقع پر یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا سندھ میں تعلیم کی بحالی کے لئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایااور کہا کہ سندھ میں میوزک ٹیچرز کی بھرتی ایک اچھا عمل ہوگا۔یورپی یونین کی طرف سے سندھ میں متاثرہ اسکولز کی بحالی کے لئے 12.6 ملین یوروز کی گرانٹ منظور کی گئی ہے اس کے علاہ ڈیپ پروگرام کے تحت اسکولز کی اپگریڈیشن، ڈیٹا اور ٹیچرز ٹریننگ کے سلسلے میں بھی مدد کی جائے گی ۔صوبائی وزیر سید سردار شاہ نے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کو ثقافتی سرگرمیوں کے متعلق بھی آگاہ کیا۔ڈاکٹر رینا کیونکا نے سندھ کی موسیقی میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔صوبائی وزیر نے ڈاکٹر رینا کیونکا کو محکمہ ثقافت کی طرف سے قائم کردہ “لوک اسٹوڈیو” کا دورہ کروایا۔اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم نے یونین کی سفیر کو کتابیں اور ثقافتی تحائف بھی پیش کئے۔
گرانٹ منظور
سندھ متاثرہ اسکولز کی بحالی کے لئے 12.6ملین یورو کی گرانٹ منظور
Nov 30, 2022