اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس میں عمران خان پر جرمانہ برقرار اور رانا ثناء اللہ پر ختم کر دیا۔ الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل مسترد کردی۔ پشاور ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پائی گئی تھی، جس پر عمران خان کو 3 دن میں اپیل کرنی تھی، تاہم اپیل کا وقت گزرنے پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ واضح رہے کہ ریٹرننگ افسر نے عمران خان پر 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تھا، جس کے خلاف عمران خان نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔ رانا ثناء کی جرمانے کے خلاف اپیل منظور کرلی گئی، اور رانا ثناء اللہ کے خلاف عائد 10 ہزار روپے کا جرمانہ ختم کردیا گیا۔