اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) حکومت کے مشکل فیصلوں کی وجہ سے ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کم کرنے اور عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف سے معروف بین الاقوامی انویسٹمنٹ بینکنگ اینڈ کیپیٹل مارکیٹس فرم جیفریز (Jefferies) کے وفد نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔ وزیرِ اعظم نے وفد کا خیر مقدم کیا اور انہیں پاکستان میں اپنا دفتر کھولنے کی بھی دعوت دی۔ وفد نے وزیر اعظم کی قیادت میں ملک کو درپیش معاشی چیلینجز کا مؤثر مقابلہ کرکے ملک کے معاشی استحکام کی سمت گامزن ہونے کو خوش آئند قرار دیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، پاکستان کی معاشی صورتحال کے بارے میں غلط معلومات پھیلا کر بے بنیاد ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی مزموم کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت نے سیاسی قیمت کی پرواہ کیے بغیر ملک کو گزشتہ چار سال کی نا اہلیوں کا خمیازہ بھگتنے سے بچا لیا، حکومت مہنگائی کو کم کرنے اور عام آدمی کے ریلیف کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت بیرونی تجارتی خسارہ کم کرنے کیلئے کوشاں ہے، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس کا 5 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔