کم آمدن والے افراد کیلئے قرض سکیم الیکشن کمشن کو 15ارب دینے کی منظوری 

Nov 30, 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ای سی سی نے کریڈٹ گارنٹی ٹرسٹ سکیم کی منظوری دی ہے۔ یہ سکیم کم آمدن کی ہاؤسنگ سکیم کیلئے ہوگی۔ اس پر عمل درآمد سیکنڈ ضمنی ٹرسٹ ڈیڈ کے ذریعے کیا جائے گا اور ورلڈ بنک اس کیلئے پچاسی ملین ڈالر فراہم کرے گا۔ اجلاس میں تمباکو کی مختلف اقسام کیلئے کم سے کم انڈیکیٹو پرائس کی منظوری دیدی ہے۔ یہ نئی قمیتیں 2023کی فصل پر لاگو ہونگی، فلو کروڈ ورجینیا کیلئے میدانی علاقوں میں310روپے فی کے جی اور نیم پہاڈی علاقوں میں351روپے فی کے جی ہوگی۔ ڈارک ایئر کروڈ تمباکو کی امدادی قیمت 190روپے فی کے جی ہو گی۔ وائٹ پتی 146روپے، بارلے 223روپے فی کے جی، رسٹیکا تمباکو اور اسکی مصنوعات 146روپے فی کے جی اور سن کروڈ ورجینیا تمباکو کیلئے 200روپے فی کے جی انڈیکیٹو پرائس مقرر کی گئی ہے۔ ای سی سی نے کے الیکٹرک کیلئے یونیفارم ٹیرف کی سمری کو منظور کر لیا۔ اس بارے سمری میں کہا گیا تھا کہ کے الیکٹرک کے یونیفارم ویری ایبل چارجز کو یونیفارم ٹیرف کے مطابق کرنے کیلئے انہیں بہتر بنانا ضروری ہے۔ یہ جنرل سپلائی ٹیرف، ریزیڈنشیل ٹیرف، کمرشل اندسٹریل بلک سپلائی زرعی ٹیرف اور پبلک لائٹنگ کی ضمن میں لاگو  کیا جائے گا، رقم کی وصولی کی میعاد چار ماہ مقرر کی گئی ہے۔ یہ اکتوبر 22سے جنوری 23تک نافذ رہے گا اور اسکی وصولی دسمبر 22سے مارچ23تک دی جائے گی۔ اس سے کے الیکٹرک کیلئے بجلی مہنگی ہو جائیگی۔ ای سی سی نے سرکاری ملکیت کے پاور پلانٹس کو ادائیگی کیلئے 93.43ارب روپے کی منظوری دیدی ہے جو 31.14ارب روپے کی فی قسط کے حساب سے جاری کئے جائیں گے۔ اجلاس میں ڈائیسوڈیم کاربونیٹ پر ریگولیٹری ڈیوٹی بیس فیصد سے کم کرکے دس فیصد کر دی اور فلیمٹ یارن پر ڈیوٹی پانچ فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی نافذ کر دی۔ کسان پیکج کے تحت الیکٹرک ٹیوب ویلز کیلئے بیس ٹیرف16.60پیسے کم کرکے 13روپے فی کلوواٹ آور کردیا ہے۔ اس طرح یکم نومبر سے 3.60روپے کا ریلیف دیا گیا ہے اور اسکا مقصد سیلاب کے نقصانات سے کاشتکاروں کو ریلیف دینا ہے۔ وزارت اطلاعات کیلئے دو ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی منطوری دیدی جو سیلاب سے متعلق میڈیا کمپین میں استعمال کی جائی گی۔ الیکشن کمیشن کیلئے پندرہ ارب روپے کی منطوری دی گئی جس میں سے پانچ ارب روپے فوری جاری کئے جائیں گے۔ باقی رقم اقساط کی صورت میں جاری ہو گی۔ وزارت ہاؤسنگ اور ورکس کیلئے  162.5ملین روپے کی منطوری دی گئی۔ اسکے ساتھ ساتھ گوجرہ میںریلوے انڈر پاس کیلئے 250ملین روپے اور ڈی آئی خان ضلع کی ترقیاتی سکیموں کیلئے 144.2ملین روپے منظور کئے گئے۔

مزیدخبریں