اسلام آباد؍ کوئٹہ (خبر نگار خصوصی+ بیورو رپورٹ) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کئے گئے ایک آپریشن میں 10 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مذکورہ ملزم دیسی ساختہ بم نصب کرنے اور سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر فائرنگ کے واقعات میں ملوث تھے۔ جن کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے لئے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔ سیکورٹی فورسز 12 سے 14 دہشت گردوں کی موجودگی اطلاع پر ان کے ٹھکانے کی نشاندہی کے بعد کارروائی کی، دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 10 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 1 دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے علاوہ دو دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ان کا سراغ لگانے کے لیے علاقے میں آپریشن جاری ہے۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے دیسی ساختہ بم سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔