راولپنڈی (خبرنگار خصوصی) جنرل سید عاصم منیر نے پاک فوج کی کمان سنبھال لی ہے جس کے بعد وہ پاک فوج کے 17 ویں سربراہ بن گئے ہیں۔ پاک فوج میں کمان تبدیلی کی تقریب جی ایچ کیو میں ہوئی، جس کے آغاز پر سبکدوش ہونے والے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ اور نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سب سے پہلے یادگار شہداء پر حاضری دی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے جی ایچ کیو آمد پر یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد سابق آرمی چیف نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور اپنے مختصر خطاب کے بعد جنرل قمر جاوید باجوہ نے ’’ملاکا سٹک‘‘ دیتے ہوئے پاک فوج کی کمان جنرل عاصم منیر کے حوالے کی۔ نئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جس کے بعد قمر جاوید باجوہ تقریب سے رخصت ہو گئے۔ نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کمان تبدیلی کی تقریب میں شرکت سے قبل فور سٹار جنرل کے شولڈر رینکس اور کالر میڈل لگا رکھے تھے۔ اس اہم تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان، سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران، ان کی فیملیز کے علاوہ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وفاقی سیکرٹریز اور دیگر مہمان و غیر ملکی سفراء اور مختلف ملکوں کے دفاعی اتاشی بھی شریک تھے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ اپنے آخری خطاب میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ میں گمنامی میں چلا جائوں گا لیکن پاک فوج سے میرا روحانی رابطہ برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود پاک فوج ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے، آنے والے وقت میں فوج جنرل سید عاصم منیر کی زیر قیادت اس سے بڑھ کر ملک کی خدمت و دفاع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میری پاک فوج کے ساتھ رفاقت کا سفر 42 سال پر محیط ہے لیکن میں عنقریب گمنامی میں چلا جائوں گا لیکن روحانی رابطہ فوج سے قائم رہے گا، فوج کی کامیابی پر خوشی ہوگی، جب فوج پر مشکل وقت آئے گا تو میری دعائیں پاک فوج کے ساتھ رہیں گی۔ جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ نئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کیلئے دعاگوہوں، ان کی تعیناتی ملک و فوج کیلئے مثبت ثابت ہوگی، ان سے میری رفاقت 24 سال پرانی ہے، انہیں سپہ سالار بننے پر مبارکباد پیش کرتاہوں، وہ حافظ قرآن ہونے کے ساتھ ساتھ باصلاحیت افسر بھی ہیں، فوج اس مایہ ناز اور قابل سپوت کی قیادت میں کامیابی کی نئی منازل عبور کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج نے ہمیشہ میری آواز پر لبیک کہا ہے، اللہ کا شکر گزار ہوں جس نے اس عظیم فوج میں خدمات کا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ انتہائی کم وسائل کے باوجود پاک فوج نے ملکی سرحدوں کے دفاع کے ساتھ ساتھ امن و امان کی صورتحال اور دیگر مسائل میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج وہ ادارہ ہے جو لسانیت سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی یونٹ 16بلوچ رجمنٹ کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں جو آج یہاں میرے لئے خصوصی طور پر سلامی دینے کے لئے آئے ہیں۔ مزید برآں وزیر اعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے کہا ہے کہ پاکستان آرمی کو آپ جیسا پیشہ ورانہ قابلیت کا حامل سربراہ ملنا اللہ کا خاص فضل ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق منگل کو وزیر اعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ٹیلی فون کیا اور عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بہادر پاکستان آرمی کے سپہ سالار کا منصب سنبھالنا بڑا اعزاز ہے، آپ کی قیادت میں پاک فوج کی صلاحیتوں اور دفاع وطن کی قوت میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی، دہشت گردی کے خاتمے اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں اللہ آپ کی مدد فرمائے، وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کے لیے ہمارا بھرپور تعاون آپ کو میسر رہے گا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے نیک تمنائوں کے اظہار پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
جنرل عا صم منیر 17ویں فوجی سر براہ بن گئے ، اللہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے آپ کی مدد کرے: وزیراعظم
Nov 30, 2022