لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانیہ میں 2021 کی مردم شماری کے مطابق برطانیہ میں مسلمانوں کی تعداد میں 5 فیصد اضافہ ہوا۔ برطانیہ میں 2021ء میں کی گئی مردم شماری میں سب سے تیزی سے مقبول ہونے والا مذہب اسلام ہے۔ جبکہ 31 فیصد کمی کے بعد عیسائی پہلی بار ملک کی نصف آبادی سے کم رہ گئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے ادارہ برائے قومی شماریات نے ملک بھر میں 2021 میں کی گئی مردم شماری کے اعداد و شمار جاری کردیئے جس میں دلچسپ اور حیران کن انکشافات ہوئے ہیں۔ مذہب کا سوال 2001 میں برطانیہ کی مردم شماری میں شامل کیا گیا تھا جس کا جواب دینا لازمی نہیں تھا۔ تاہم 94 فیصد لوگوں نے جواب دیا۔ جواب دہندگان تقریباً 27.5 ملین افراد نے خود کو عیسائی کہا جو کل آبادی کا 42 فیصد بنتا ہے۔ پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ عیسائیوں کی آبادی ملک کی کل آبادی کے نصف سے بھی کم رہ گئی۔ یعنی عیسائیوں کی تعداد میں 13 فیصد کمی آئی۔ دوسرے نمبر پر لادین ہیں یعنی جنہوں نے کسی مذہب کو اختیار نہیں کیا۔ ان کی تعداد 22.2 ملین ہوگئی جو کْل آبادی کا 37 فیصد بنتے ہیں۔ اس مردم شماری میں 3.9 ملین افراد نے اپنا مذہب اسلام بتایا جو آبادی کا 6.5 فیصد ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل برطانیہ میں مسلمانوں کی آیادی کی شرح 4.9 فیصد تھی۔ اس طرح اسلام سب سے تیزی سے پھیلنے والے مذہب کے طور پر سامنے آیا۔
اسلام برطانیہ میں سب سے تیزی سے مقبول ہونے والا مذہب، نصف سے کم عیسائی، مردم شماری
Nov 30, 2022