لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام، حکومت، فلسطینی عوام کی مسلسل تائید و حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔ اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو ضم کرنا، الحاق اور قبضہ انسانی اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔ فلسطینیوں کی آزادی کی جدوجہد حق خودارادیت کے حصول تک جاری رہے گی۔ پاکستان فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ 75 سال سے زائد عرصہ سے اسرائیل فلسطینیوں پر مظالم کر رہا ہے۔ بے گناہوں کا خون بہایا جا رہا ہے اور عالمی دنیا اس پر خاموش ہے۔ پاکستان، سعودی عرب، ترکی، قطر اور دیگر اسلامی ممالک کا مئوقف واضح ہے کہ فلسطین کے مسئلہ کا حل فلسطینی آزاد و خود مختار ریاست ہے۔