اسلام آباد (وقائع نگار) میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کے شعبہ ڈی ایم اے میں 7کروڑ روپے کی مبینہ جعلی ادائیگی کے سکینڈل کا انکشاف ہوا ہے ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن نے رواں سال یوم پاکستان کے موقع پر شہر میں چراغاں کی مد میں جعلی ادائیگی کی جس میں ادارے کو کرڑوں روپے کا چونا لگایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال یوم پاکستان کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور ایم سی آئی کو احکامات جاری کیے گئے تھے وہ شہر میں چراغاں کریں اس مقصد کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن (ڈی ایم اے) نے جو تخمینہ لگایا وہ 2کروڑ 50کروڑ روپے کا تھا تاہم ایک منظور نظر فرم کو یہ کام سنگل ٹینڈر پر اکیس فیصد زائد ریٹ پر 3کروڑ 50لاکھ روپے پر ایوارڈ کیا تاہم ڈائریکٹوریٹ میں تعینات افسران نے اس چراغاں پر اٹھنے والے اخراجات کا ساڑھے تین کر وڑ روپے کا بل وفاقی ترقیاتی ادارے کے شعبہ فنانس سے ایک کی بجائے دو بار وصول کیا ہے اور اس مد میں 7کروڑ روپے کی خطیر رقم خرد برد کی گئی ہے۔ اس حوالے سے ترجمان سی ڈی اے سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ سی ڈی اے کے شعبہ فنانس سے کی جانے والی ادائیگیوں کے حوالے سے جو نشاندہی کی گئی ہے اس کا سی ڈی اے جائز ہ لے رہا ہے، ایم سی آئی ایک الگ ادارہ ہے جس کے مالی معاملات کا سی ڈی اے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔