اسلام آباد(نا مہ نگار)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کینیڈین ویزا پروسیسنگ سینٹر کو ابوظہبی سے اسلام آباد منتقل کرنے کے مطالبے کو تسلیم کرنے پر پارلیمنٹ اور حکومت کینیڈا کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی پارلیمنٹس دونوں ممالک کے درمیان باہمی روابط کو بڑھانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہاوس آف کامنز کے اسپیکر مسٹر اینتھونی روٹا کو لکھے گئے خط میں کیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے اگست 2022 میں ہیلی فیکس میں ہونے والی دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کے لیے کینیڈا کا سرکاری دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر سپیکر راجہ پرویز اشرف نے ہاس آف کامنز اور سینیٹ آف کینیڈا کے سپیکرز کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کیں دونوں رہنماں کے درمیان دو طرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے ممکنہ طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقاتوں کے دوران سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے کینیڈین ہم منصبوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں اپنے ویزا ایپلیکیشن سینٹرز (VACs) کو ابوظہبی سے منتقل کریں کیونکہ اس سے نہ صرف کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں اور کینیڈا جانے والے پاکستانی شہریوں کو سہولت ملے گی بلکہ ویزا پروسیسنگ کے عمل میں آسانی پیدا ہو گی۔ کینیڈین پریزائیڈنگ افسران نے سپیکر قومی اسمبلی کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو اپنی حکومت کے ساتھ اٹھائیں گے اور انتظامات کو ممکن بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ پاکستان کے سپیکر اور وفد کی کامیاب پارلیمانی سفارت کاری کے نتیجے میں کینیڈین حکومت نے اب اپنا ویزا اپلیکشن سینٹر پاکستان منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ویزا آفس کی اسلام آباد منتقلی سے نہ صرف کینیڈین ان امیگریشن حکام کو پاکستان میں درخواستوں کی اسناد کا پتہ لگانے کے قابل بنائے گا بلکہ ویزا درخواستوں پر کارروائی کا وقت بھی کم ہو جائے گا۔