قصور (نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو /ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ماہم آصف ملک کی قیادت میں شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن، تمام عارضی تجاوزات ختم کرکے سامان کو قبضے میں لے لیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ماہم آصف ملک نے اسسٹنٹ کمشنر یوٹی تحریم رانا‘چیف افسر میونسپل کارپوریشن عمران اصغر، پی اے ٹو ایڈمنسٹریٹر اکمل حسین، انچارج انکروچمنٹ ساجد علی خاں و دیگر عملے اور پولیس کیساتھ ملکر کمال چشتی موڑ، مچھلی منڈی اور شہر کے دیگر علاقوں میں گرینڈ آپریشن کیا اور فیروز پور گرین بیلٹ کے دونوں اطراف قائم تجاوزات کو ختم کرایا۔ پختہ تھڑوں، لوہے کے شیڈز کو اکھاڑ دیا اور غیر قانونی سیل پوائنٹس کو ختم کرا دیا۔ اس موقع پر ماہم آصف ملک کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھرپور کاروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تجاوزات میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو موقع پر گرفتار کیا جائیگا۔
قصور : شہر بھر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن‘ سامان قبضہ میں لے لیاگیا
Nov 30, 2022