لاہور( کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے ایک سیاسی جماعت کے رہنمائوںکی جانب سے پاک فوج کے خلاف مسلسل منفی بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کا رویہ اور بیانیہ قطعی ملک و قوم کے حق میں بہتر نہیں ہے ، پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے سرحدوں کے دفاع اور ملک میں امن کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔ اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے اشرف بھٹی نے کہا کہ مسائل کا حل صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہے اس لئے اپنی اناء اور مفادات کو پس پشت ڈالٹے ہوئے ملک و قوم کے مفاد کو ترجیح دینا ہو گی بصورت دیگر ہمارے پاس سوائے پچھتاوے کے کچھ نہیں بچے گا۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے رہنمائوں کی جانب سے پاک فوج اور اس کے افسران کے خلاف منفی بیان بازی پر پوری قوم کو تشویش ہے اس لئے انہیںاپنے رویے اور بیانیئے پر نظر ثانی کرنی چاہیے ۔ سیاسی معاملات سیاستدان آپس میں حل کریںناں کہ اداروں کو اس میں ملوث کیا جائے۔