لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان بمقابلہ انگلینڈ ٹیسٹ سیریزسے قبل دونوں ٹیموں کی پنڈی سٹیڈیم میں پریکٹس جاری ہے۔ قومی اور انگلینڈ کرکٹ ٹیمیں دوسرے پریکٹس سیشن کیلئے گزشتہ صبح 10 بجے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم پہنچیں۔ دونوں ٹیموں کو سخت سکیورٹی کے حصار میں نجی ہوٹل سے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم لایا گیا۔سٹیڈیم میں سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، دونوں ٹیمیں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کرتی رہیں تاہم یہ پریکٹس سیشن دن ایک بجے تک جاری رہا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ کل یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائیگا۔ ٹیسٹ میچ دونوں ملکوں کے درمیان پاک سرزمین پر 17 سال بعد پہلا ٹیسٹ ہوگا۔انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر جیمز اینڈرسن نے کہا ہے کہ پاکستان میں جیتنے کیلئے آئے ہیں لیکن پاکستان کو شکست دینے کیلئے اچھی کرکٹ کھیلناہوگی۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جیمز اینڈرسن نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز میں جارحانہ کرکٹ کھیلنے اور پاکستان پر دبائو ڈالنے کی کوشش کریں گے۔ پاکستان میں بہترین استقبال کیا گیا، دورہ پاکستان کیلئے پْرجوش ہیں۔ میں پچ کے معاملے میں اتنا بہتر تجزیہ نہیں دے سکتا۔آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کی ویڈیوز دیکھ کر آئے ہیں۔ ایک فریش مائنڈ کیساتھ پاکستان آئے ہیں، یہاں مختلف اور چیلنجنگ کنڈیشنز میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔ ابھی نہیں کہہ سکتا کہ ریورس سوئنگ اہم کردار ادا کرسکتی ہے یا نہیں۔ کبھی اپنے لیے ٹارگٹ سیٹ نہیں کیے، کرکٹ انجوائے کرتا ہوں، جب تک فٹ ہوں کھیلتا رہوں گا۔قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ امید ہے کہ ٹیسٹ سیریز میں تمام کھلاڑی اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ٹیسٹ سیریز میں جس طرح کا مقابلہ ہوگا اس کے مطابق کھیلیں گے۔پاکستان اور انگلینڈ میں کنڈیشنز کا کافی فرق ہے، ٹیم کی ضرورت کے مطاق کھیلنے کی کوشش کروں گا، انگلینڈ ٹیسٹ کرکٹ بھی جارحانہ کھیلاتا ہے، یہ ان کا مائنڈ سیٹ ہے، کوشش ہو گی جس طرح وہ کھیلتے ہیں اس لحاظ سے بائولنگ کریں۔ سیریز میں ٹیم کی ضرورت کے مطابق نئی گیند کو استعمال کروں گا۔نسیم شاہ نے انگلش فاسٹ بائولر جیمز اینڈرسن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کا اس عمر میں بھی ٹیسٹ کھیلنا شاندار ہے، ان سے سیکھنے کا موقع ملے گا جو کہ خوش آئند ہے۔ جیمز اینڈرسن دنیا کے بہترین فاسٹ بائولر ہیں، ان کی محنت دیکھ کر بہت حیرانی ہوتی ہے، ان کو وکٹیں لینے کا طریقہ آتا ہے۔ کاؤنٹی کرکٹ میں بائولنگ کرکے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔
پاکستان جیتنے آئے ہیں:جیمز اینڈرسن:اچھا کھلیں گے:نسیم شاہ
Nov 30, 2022