سانگھڑ‘ مسافر بس کے ٹوٹے فرش سے گرکر کمسن بچی جاں بحق


 سانگھڑ/ شہداد پور(نامہ نگاران) تھانہ مقصودو رند میں گزشتہ روز افسوسناک واقعہ پیش آیا عمرانی بس کوچ کے ٹوٹے ہوئے فرش کے سوراخ سے اچانک جھٹکا لگنے سے سات سالہ بچی انیلہ شیخ گر کر ٹائروں کے نیچے کچل کرجان کی بازی ہار گئی ۔واقعے کو اٹھارہ گھنٹوں سے زائد کا وقت گزر گیا مگر پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا۔بس اور ڈرائیور مقصدو تھانے کی تحویل میں ہیں بچی کے والدین واقعے پر دھاڑیں مار مار کر حصول انصاف کے لئے زارو قطار رو رہے ہیں دوسری طرف جانبحق ہونے والی بچی کی نعش کو سمس اسپتال شہداد پور لایا گیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد نعش والدین کے سپرد کی گئی بس مالکان با اثر ہونے کی بنا پر واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہورہا جبکہ با اثر مالکان نہتے بچی کے خاندان اور والدین پر صلح صفائی کے لئے دباؤ ڈال رہے ہیں بس انتظامیہ کی غفلت اس قدر تھی کہ فرش میں سوراخ تھا اور بس کو کراچی سے چک نمبر 22 تک چلا رہے تھے ۔سوراخ بند کرنے کی زحمت تک نہیں کی گئی جس کی وجہ سے ایک انسانی جان چلی گئی ۔ شہری حلقوں نے اظہار تفتیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے مافیاز جوکہ دنیاوی حرص کی لالچ میں اپنی گاڑیوں کی فٹنس رکھنے  کے بجائے انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں کسی بھی ادارے نے انھیں چیک کرنے کی زحمت تک نہیں کی بلکہ جانبحق بچی کے والدین کی  فریاد بھی نہیں سنی جارہی۔ شہری حلقوں نے آئی جی سندھ،ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد اور ایس ایس پی سانگھڑ سے مطالبہ کیا ہے کہ بس انتظامیہ پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ کوئی انسانی جان ضائع نہ ہو۔ بچی کی والدہ فریدہ زوجہ رحمان سولنگی نے میڈیا کو بتایا کہ ہم 22چک کے رہائیشی ہے شہدادپور سے شام 5بج کر 30منٹ پر  کوچ میں سوار ہوکر گاوں جا رہے تھے کہ کوچ کی کرسی کے نیچے فرش ٹوٹا ہوا تھا جس سے میری بچی گر کر ہلاک ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن