کوئٹہ میں بلبلی کسٹم کے علاقے میں کچلاک بائی پاس پر پولیس ٹرک کے قریب دھماکے میں 2 افراد جاں بحق جب کہ 16 پولیس اہل کاروں سمیت 22 افراد زخمی ہو گئے۔ زرائع کے مطابق دھماکا کچلاک بائی پاس پر پولیس کے ٹرک قریب ہوا، جس میں متعدد اہل کار زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکا بندی کردی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اہل کار پولیو مہم کے لیے ڈیوٹی پر جا رہے تھے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ایمبولینس جائے وقوع کی جانب روانہ کردی گئیں بم کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث قریب سے گزرنے والی گاڑی بھی زد میں آگئی اور اس میں سوار ایک خاتون بھی زخمی ہوئی۔ ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ دھماکے میں 10 پولیس اہلکاروں سمیت 15افراد زخمی ہوئے تاہم بعد میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق 16 پولیس اہل کاروں سمیت 22 افراد زخمی ہیں جب کہ 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع بھی ہے۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔