ایشین یوتھ اسکریبل چیمپئن حشام ہادی خان کی وطن واپسی

Nov 30, 2022


کراچی (اسپورٹس رپورٹر) بھارت میں فتح کے جھنڈے گاڑنے کے بعد پاکستان اسکریبل ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔ ایشین یوتھ اسکریبل چیمپیئن حشام ہادی خان اور دیگر کھلاڑیوں کا کراچی آمد پر پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے حکام اور اہل خانہ نے استقبال کیا۔ کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ پلیئرز نے وطن آمد پر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ ایشین یوتھ اسکریبل چیمپیئن حشام ہادی خان کا کہنا تھا کہ بھارت کو اس کی سرزمین پر شکست دینا قابل فخرلمحہ ہے۔ ایونٹ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں سے سخت مقابلہ ہوا لیکن محنت کی وجہ سے ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ تمام پاکستانی کھلاڑیوں نے چیمپیئن شپ میں شاندار کھیل پیش کیا۔ بھارت میں سیکیورٹی اور دیگر انتظامات پر حشام ہادی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کو ایونٹ کے دوران کوئی مسئلہ نہیں ہوا، آرگنائزرز نے بہترین انتظامات کئے تھے۔ بھارت میں بہت محبت ملی۔ پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر یوتھ پروگرام طارق پرویز نے ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیمپیئن شپ کے دوران سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات بہترین تھے، پاکستانی دستے کو کسی قسم کی تکلیف نہیں اٹھانا پڑی۔ نئی دہلی میں کھیلی گئی پہلی ایشین یوتھ اسکریبل چیمپیئن شپ میں پاکستان کے حشام ہادی خان نے بھارتی کھلاڑی مادھو کمتھ کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا۔ انڈر 12 اور انڈر 16ٹائٹل بھی پاکستان کے نام رہے۔ 
پاکستان کے 6کھلاڑیوں نے ٹاپ 10میں جگہ بنائی جبکہ پاکستان چیمپیئن شپ کی نمبر ون ٹیم رہی۔

مزیدخبریں