پاکستان کا وجود تمام اقلیتوں کے حقوق کا ضامن: مرتضیٰ سولنگی 

Nov 30, 2023

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان کا وجود تمام اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے۔ پاکستان جتنا مضبوط ہوگا اتنا ہی بھارت کے اندر مظلوموں کی آواز مضبوط ہوگی۔ نریندر مودی کبھی مظلوموں کے ساتھ کھڑے نہیں ہوئے۔ بھارت میں اکثریت کے نام پر چھوٹی سی اقلیت کا ایک پرتشدد راج نافذ ہے جہاں مذہبی اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھارت میں اقلیتوں سے ناروا سلوک کا پردہ چاک کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل اور کشمیر میڈیا سروس کے زیر اہتمام ”بھارت میں اقلیتوں اور کشمیریوں پر ظلم و جبر“ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیر کاز کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھی ہے اور یہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی۔ جڑانوالہ کے افسوسناک واقعہ کے فوری بعد وزیراعظم خود وہاں گئے، اقلیتوں کے نقصانات کی تلافی کی، یہ وہ فرق ہے جو پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود ہے۔ جب بھارت میں مذہبی اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جاتے ہیں تو ایسا ردعمل وہاں نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا میڈیا اصل حقائق اور اعداد و شمار دنیا کے سامنے پیش کر رہا ہے۔ ہمیں بھارتی ریاست کی طرح سینسر شپ کرنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمارے بہت سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی لگا رکھی ہے جن میں ریڈیو پاکستان بھی شامل ہے۔ فلسطینی عوام کا ذکر کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فلسطینی عوام پر مظالم کے باوجود آج بھی فلسطین کی آزادی کی روح کو شکست نہیں دی جا سکی۔

مزیدخبریں