روٹی، کپڑا، مکان کے منشور پر ثابت قدم: زرداری، قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی: بلاول

اسلام آباد+ لاہور+ جہانیاں (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کا 56 واں یوم تاسیس آج منایا جائے گا۔ اس دن کے حوالے سے جہانیاں، ٹھٹھہ صادق آباد سمیت ملک بھر میں تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس سے پیپلز پارٹی کے مرکزی، صوبائی اور مقامی قائدین خطاب کرتے ہوئے پارٹی کی تاریخ اور قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کوئٹہ پہنچ گئے۔ صدر پی پی پی پی آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا پی پی پی بلوچستان کے رہنماو¿ں نے استقبال کیا۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا چنگیز جمالی، روزی خان کاکڑ، سردار ثناءاللہ زہری، عبدالقادر بلوچ ودیگر نے استقبال کیا۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ نیر بخاری، سلیم مانڈوی والا، شرجیل میمن و دیگر موجود تھے۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری آج ایوب سٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے بھی خطاب کریں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پی پی پی بلوچستان کی مختلف تنظیموں کے عہدیداران کے وفود سے ملاقات کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے یومِ تاسیس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی صرف جماعت نہیں، ایک تحریک ہے۔ پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور چیئرپرسن شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو پایہ تکمیل پر پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی جماعت کی بنیاد اس سیاسی تدبر اور دور رس ویژن پر رکھی تھی، جس پر عمل کرتے ہوئے ہمیں ایک خوشحال اور مضبوط پاکستان تعمیر کرنا ہے۔ ایک ایسا پاکستان جس میں تمام ہم وطنوں کے حقوق اور مفادات کا یکساں خیال رکھا جائے۔ انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید بی بی نے ملک میں آمریت، مرکزیت پسند سوچ اور انتہا پسندی کے خلاف زندگی بھر مزاحمت کرکے عوام کے بنیادی حقوق کی حفاظت اور ان کی خوشحالی کے لیے جدوجہد کی۔ آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کی فلاسفی اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن روٹی کپڑا اور مکان کے منشور پر ثابت قدم ہیں۔ ہم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بنائیں گے جو طبقاتی استحصال سے پاک ہوگا۔ آصف علی زرداری نے جمہوریت کی بحالی کیلئے جانوں کا نذرانہ دینے والے جیالوںکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداءجمہوریت قوم کے ہیرو ہیں۔ سابق صدر نے کوڑے کھانے اور قید کاٹنے والے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ایسے بہادر اور ثابت قدم کارکن پارٹی کا انمول سرمایہ ہیں۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنے قیام سے اب تک ملک و قوم کیلئے خدمت کی ایک عظیم داستان رقم کی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے 56 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چئیرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1967ءمیں پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھ کر غریبوں، کسانوں، ہاریوں، مزدوروں اور پاکستان میں بسنے والے متوسط طبقے کو زبان دی اور انہیں اپنے حق کیلئے آواز بلند کرنے کا سلیقہ سکھایا۔

ای پیپر دی نیشن