لاہور(خبرنگار)لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت بارہ دسمبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلاءکو بحث کے لئے طلب کرلیا۔احتساب عدالت کے جج ذولقرنین اعوان نے شہباز شریف اور انکے بیٹے کے خلافت رمضان شوگر ملز ریفرنس پر ابتدائی سماعت کی۔ بدھ کو سماعت پر عدالتی حکم پر سابق وزیر اعظم شہباز شریف عدالت پیش ہوئے جبکہ حمزہ شہباز نے بیرون ملک ہونے کے باعث حاضری معافی کی درخواست دائرکی جسے عدالت نے منظور کرلیا ۔ شہباز شریف روسٹرم پر آئے اور استدعا کی کچھ گذارشات کرنا چاہتا ہوں، نیب نے پہلے مجھے آشیانہ اقبال میں طلب کرکے صاف پانی کیس میں گرفتار کیا پھر مجھ پر گندہ نالہ تعمیر کرنے کا کیس بنادیا گیا ،سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے عدالت کے روبرو بیان میں کہا کہ گندہ نالہ ایک ایم پی اے نے تعمیر کرایا تھا، میرے دور میں صاف پانی کے ہزاروں پروجیکٹس لگے، اپنے دور میں خاندان کے افراد کا پونے دو ارب نقصان کیا مگر شوگر ملزم کو سبسڈی نہیں دی ۔ شہباز شریف نے کہا کہ بطور وزیراعظم اور وزیراعلیٰ تنخواہ تک میری تنخواہ اور مراعات دس کڑور بنتی تھی جسے کبھی نہیں لیا، شہباز شریف نے عدالت میں کہا کہ ایک خطاکار انسان ہوں، آج تک ٹی اے ڈی اے نہیں لیا، بیرون ملک کے ٹکٹس اور ہوٹل جیب سے خرچ کرتا ہوں، سولہ کروڑ کا شاید نالہ بناہے یہ کیس جھوٹا ہے۔سابق وزیر اعظم کی پیشی پر لیگی کارکنان بھی عدالت کے باہر پہنچے اور شہباز شریف کے حق میں نعرے لگائے۔ دریں اثناءبدھ کو احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا ہے کہ نومئی کے آلہ کاروں کی سہولت کاری ملک دشمنی ہے، اس روز ایک سازش کی گئی، جس میں فوج میں تختہ الٹنے کی سازش کی گئی۔ کسی کوعلم نہیں تھا کہ تحریک انصاف تحریک تباہی بن جائے گی، شہباز شریف نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ یہ ہے کہ نواز شریف اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہو رہے ہیں اور میں انصاف کے لیے لاہور کی عدالت میں پیش ہوا، ہمیں عدلیہ کا بے حد احترام ہے ،اور ہمیشہ کیا۔مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف ان شاءاللّٰہ انتخابی مہم میں اپنے منشور کا اعلان کریں گے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عدلیہ کا شکریہ جس نے انصاف دیا۔ شہباز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس میں پارٹی قائد محمد نواز شریف کی بریت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے جس نے یہ دن دکھایا، میرے قائد، بڑے بھائی، پارٹی اور خاندان کو سرخرو فرمایا، بے گناہ محمد نواز شریف نے معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا تھا، اللہ تعالیٰ نے نوازشریف کو ہر الزام سے بری کیا۔ ہو حربہ آزمایا گیا ، اللہ تعالیٰ نے سچائی واضح کر دی، مریم نواز شریف نے ہمت، صبر اور بے مثال جرات و بہادری سے حالات کے جبر کا مقابلہ کیا، بہادر قائد نے زندگی کے تلخ ترین لمحوں میں بھی کبھی ہمت نہیں ہاری، عدلیہ کا شکریہ جس نے انصاف دیا۔