مقبوضہ کشمیر: قابض فوج کا کریک ڈائون جاری، مزید کئی نوجوان گرفتار

سرینگر(کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر کے طول و عرض میں قابض بھارتی فوج کا کریک ڈائون جاری ہے اس دوران کئی نوجوان گرفتار کر لئے گئے ہیں، پونچھ میں بھارتی فوج کا فوجی آپریشن جاری ہے، علاقے کے گھنے جنگلات میں ڈرونز سے تلاشی آپریشن میں مدد لی جا رہی ہے، جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں ایک اور مسلم کشمیری سرکاری افسر ریجنل ڈائریکٹر، سروے اینڈ لینڈ ریکارڈ کو معطل کر دیا ہے۔ عبدالحفیظ شاہ کو بی جے پی کی ہندو توا حکومت نے فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیر میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سرینگر کے طلباء نے ایک غیر کشمیری ہندو طالب علم کی طرف سے انسٹا گرام پر پیغمبر اسلام کے بارے میں توہین آمیز بیان پوسٹ کرنے کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انٹرنیٹ پر احتجاج کی ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں طالب علموں کو ملزم کے خلاف نعرے لگاتے اور اس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جمعہ کو ایک بھارتی طالب علم کی طرف سے پیغمبر اسلام کے بارے میں توہین آمیز ویڈیو پوسٹ کرنے کے خلاف احتجاجی ہڑتال ہوگی۔ ہڑتال کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی، ہڑتال کا مقصد غیر قانونی گرفتاریوں، کشمیری طلباء کے خلاف کالے قانون کے تحت مقدمے کے اندراج، کشمیری سرکاری ملازمین کی برطرف اور لوگوں کی جائیدادوں کی ضبطی کے خلاف احتجاج کرنا بھی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایک بیان میں مقبوضہ علاقے کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ہڑتال کو کامیاب بنائیں۔

ای پیپر دی نیشن