سٹاک مارکیٹ، 61ہزار کی نئی بلند ترین سطح عبور، ڈالر سستا، سونا 2600روپے تولہ مہنگا

کراچی (کامرس رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 606 پوائنٹس اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس کی 61ہزار 500پوائنٹس کی بلند ترین سطح بھی عبور کر گیا۔ متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں 25ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پلان کے تحت توانائی، معدنیات اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری معاہدوں اور اچھے سینٹیمنٹس کے باعث پاکستان سٹاک ایکس چینج میں بڑی نوعیت کی تیزی رونما ہوئی جس سے 100  انڈیکس کے تمام سابقہ ریکارڈز ٹوٹ گئے۔ بدھ کو کاروبار کا آغاز 323 پوائنٹس کی تیزی سے ہوا جس کے باعث 100 انڈیکس کی 61ہزار کی سطح پہلی بار عبور ہوئی۔ سٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیزی کے باعث 100 انڈیکس بڑھ کر 61555 پوائنٹس کی بلند سطح پر آگیا۔ فنڈامینٹلز مضبوط ہونے سے کم قیمتوں پر شعبہ جاتی بنیادوں پر حصص کی خریداری سرگرمیوں نے مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن کیا جس سے کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 29 ڈالر کے اضافے سے 2062 ڈالر کی سطح پر آگئی جس کے باعث  مقامی سطح پر بھی سونے کے نرخ بڑھ گئے۔ صرافہ بازاروں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ملکی سطح پر فی تولہ سونے کی قیمت 2600 روپے بڑھ کر دو لاکھ 21 ہزار روپے ہوگئی۔ اسی طرح فی دس گرام سونے کی قیمت 2229 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 89 ہزار 472 روپے کی سطح پر آ گئی۔ انٹر بنک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی ہوئی ہے۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کے مطابق انٹر بنک تبادلہ مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر 13 پیسے سستا ہو کر 285 روپے 39 پیسے پر بند ہوا ہے۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں 287 روپے پر برقرار ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...