پاکستان یورپی یونین کیساتھ دوطرفہ کثیرالجہتی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے: وزیرخارجہ

Nov 30, 2023

اسلام آباد(خبر نگار خصوصی)نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں پاکستان بیلجیم پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کی چیئرپرسن سینیٹر ایلیسیا کلیس اور یورپی پارلیمنٹ کے اراکین سے ملاقات کی۔بیلجیم میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں یورپی ممبران پارلیمنٹ راسا جکنیوسین، فوبیو ماسیمو کاسٹالڈو ، آنگا ھاگا، برن ہارڈ زیمنیوک، تھامس زیچووسکی ، اور ھرو جاون شریک تھے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ دو طرفہ کثیر الجہتی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے ممبران یورپی پارلیمنٹ کو اہم علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔ نگران وزیر خارجہ کہا کہ عالمی برادری بھارت کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر جاری مظالم کا سلسلہ بند کروانے کیلئے دباو ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری آزادی اظہار کی پابندیوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے تعاون کے متقاضی ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق نہتے کشمیریوں کو ان کا جائز حق، حق خودارادیت دلانے کیلئے اپنی اخلاقی، سیاسی و سفارتی معاونت جاری رکھے گا۔ وزیر خارجہ نے پاکستان بیلجیم پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کی چیئرپرسن ،سینیٹر ایلیسیا کلیس سے بھی ملاقات کی اور معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر یورپی یونین، بیلجیم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ موجود تھیں۔

مزیدخبریں