رواں سال سی پیک کی 10ویں سالگرہ ایک نیا نقطہ آغاز ہے، یانگ یونڈونگ

Nov 30, 2023

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) کراچی میں چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے کہا ہے کہ رواں سال سی پیک کی 10ویں سالگرہ ایک نیا نقطہ آغاز ہے جہاں سے ترقی،ذرائع معاش، جدت، ہریالی اور کشادگی پر مبنی مقاصد کے حامل ’’اپ گریڈ ورژن’’کی تعمیر کے لیے ایک نیا سفر شروع ہو گا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک صنعتی پارک، زراعت، کان کنی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مستحکم کرتے رہیں گے اور رابطوں کے بڑے منصوبوں پر عمل درآمد کو تیز کریں گے جس سے دونوں ممالک کے عوام کے لیے مزید ٹھوس فوائد حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ بنی نوع انسان کے مشترکہ مستقبل کی حامل ایک کمیونٹی کی تعمیر میں زیادہ سے زیادہ شراکت کو فروغ حاصل ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایکسپو سینٹر میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیثی کے ہمراہ تین روزہ ’’پراپ ٹیک کنونشن اینڈ بلڈ ایشیا ایکسپو’’ بین الاقوامی نمائش اور کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر کیا۔یانگ یونڈونگ نے چینی اور پاکستانی کمپنیوں اور خاص طور پر دونوں ممالک کے انجینئروں اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے غیرمعمولی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا ہے اورسی پیک کی تعمیر میں اپنی صلاحیتوں اور محنت کو وقف کیا حتی کہ اپنی جانیں بھی قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013میں چینی صدر شی جن پنگ نے بڑی دور اندیشی کے ساتھ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کی تجویز پیش کی اور بنی نوع انسان کے مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک کمیونٹی کی تعمیر کے لیے ایک عملی پلیٹ فارم فراہم کیا۔

مزیدخبریں