چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 190ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس میں درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری دائر کردی، اور احتساب عدالت نے فریقین کو نوٹس بھی جاری کردیے ہیں۔190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کردی۔چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل لطیف کھوسہ، انتظار پنجوتھا اورعلی اعجاز نے درخواست دائر کی، جس میں چیئرمین نیب اور ڈائریکٹر جنرل نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ درخواست گزار سابق وزیراعظم اور معروف کرکٹر رہ چکے ہیں، ان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل کیس کے فیصلے تک عمران خان کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے۔جج محمد بشیر نے درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔