قطر ایئرویز کی پہلی پرواز اسرائیل لینڈ کرگئی

قطر ایئرویز کی پہلی پرواز اسرائیل پہنچ گئی۔قطر ایئر ویز کی یہ پرواز گزشتہ ہفتے کے روز تل ابیب میں لینڈ ہوئی۔ اس پرواز میں قطر کے اعلیٰ حکام سوار تھے۔ کسی طرح کے سکینڈل سے بچنے کے لیے اس پرواز نے دوحہ سے براہ راست تل ابیب جانے کی بجائے دانستہ طور پر ایک بالواسطہ روٹ اختیار کیا۔

یہ طیارہ قطر ایئرویز کا چارٹر گلف سٹریم جی 650ای آر طیارہ تھا۔ اس لگژری طیارے میں دو پائلٹس اور عملے کے اراکین کے علاوہ 13مسافروں کی گنجائش ہوتی ہے۔ یہ طیارہ طویل ترین پروازکے لیے شہرت رکھتا ہے۔ یہ بغیرکوئی سٹاپ کیے ساڑھے 7ہزار ناٹیکل میل (13ہزار 890کلومیٹر)سفر طے کر سکتا ہے۔

قطری حکام کے وفد کو لے کر یہ پرواز دوحہ سےقبرص کے شہر لارنیکا پہنچی۔ وہاں مختصر تکنیکی سٹاپ کے بعد یہ پرواز اسرائیل کے شہر تل ابیب پہنچی اور بن گوریان ایئرپورٹ پر لینڈ ہوئی۔پرواز کو دوحہ سے لارنیکا پہنچنے میں ساڑھے 3گھنٹے لگے جبکہ لارنیکا سے تل ابیب یہ پرواز 40منٹ میں پہنچ گئی۔اسرائیل میں ایک گھنٹے سے زائد وقت گزارنے کے بعد یہ پرواز براستہ لارنیکا واپس قطر پہنچ گئی۔اسرائیل اور حماس کے مابین سیز فائر کے دوران اسرائیل جانے والی اس پرواز کا مقصد تاحال سامنے نہیں آ سکا، تاہم اسرائیلی میڈیا کی طرف سے رپورٹ کیاگیا ہے کہ قطری وفد سیز فائر اور اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر بات چیت کے لیے اسرائیل آیا تھا۔ 

ای پیپر دی نیشن