ثقافتی میلے ضروری، بدقسمتی سے سکیورٹی کے باعث اجازت نہیں ملتی: گورنر 

Nov 30, 2024

پیر محل (نامہ نگار) قصبہ سندھیلیانوالی میں نیزہ بازی کے سالانہ مقابلوں کا انعقاد ہوا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر بھی مقابلوں کو دیکھنے کے لئے پیرمحل پہنچ گئے۔  دربار قطبیہ سندھیلیانوالی کے سجادہ نشیں سابق رکن صو بائی اسمبلی پیر قطب علی شاہ المعروف علی بابا نے سردار سلیم حیدر کو روایتی پگڑی پہناتے ہو ئے نیزہ بازی کا خصوصی ماڈل بھی بطور تحفہ پیش کیا۔ بعد ازاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیزہ بازی قدیم اور قابل دید کھیل ہے۔ روایتی میلوں کے انعقاد اور کھیلوں کو فروغ دینے سے ہی ایک صحت مند معاشرہ پروان چڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی میلوں کا انعقاد ہر صورت ہونا چاہئے تاکہ ہماری آنے والی نسلیں بھی ملک اور پنجاب کی ثقافت کے بارے  میں مکمل آگاہی حاصل کر سکیں، مگر بد قسمتی سے سکیورٹی کے ایشوز کو وجہ بناتے ہو ئے بیشتر منعقد ہونے والے میلوں کی اجازت نہیں دی جاتی۔

مزیدخبریں