لاہور (ا ین این آئی)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر میں انسداد سموگ آپریشن تیز کر دیا گیا ہے، اس مہم کے تحت لاہور میں کئی اہم اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ سموگ کی شدت کو کم کیا جا سکے اور ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔ حکام کی رپورٹ کے مطابق 139 عارضی تجاوزات ختم کر دی گئیں، 5 صنعتی یونٹس کو سیل کرتے ہوئے ان پر 3 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ سموگ رولز کی خلاف ورزی پر 40 دھواں دیتی گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔ ان میں سے 7 گاڑیاں ضبط کر لی گئیں اور ان پر 80,000 روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔علاوہ ازیں 3 ملبہ ویسٹ سائٹس کا چالان کرتے ہوئے 12,000 روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ شہر کی سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ اور ویٹ سویپنگ کا عمل جاری ہے، جبکہ لاہور کے داخلی راستوں پر دھواں دینے والی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اسکوارڈز مسلسل سرویلنس کر رہے ہیں تاکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جا سکے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت آلودگی اور تجاوزات کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے عوام کو تلقین کی کہ وہ اپنے ملک کو صاف اور سرسبز بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں، اپنے حصے کا درخت لگائیں اور قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔ انڈسٹریل سیکٹر اور عوام کے تعاون کے بغیر آلودگی پر قابو پانا ممکن نہیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ انسداد سموگ کارروائیوں کو مزید سخت بنایا جائے تاکہ ہر شہری کو محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ حکومت کے اس اقدام کا مقصد صرف ماحول کی بہتری نہیں بلکہ عوام کو صحت مند زندگی کے مواقع فراہم کرنا بھی ہے۔ صاف ستھرا پاکستان ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور عوام کو حکومت کے ساتھ مل کر اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔