لاہور (احسن صدیق) رواں مالی سال 2024-25کی پہلی سہ ماہی میں پنجاب کی جی ڈی پی میں 17.1فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے3ماہ کے دوران پنجاب کی جی ڈی پی کا مجموعی حجم67ہزار 289 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے جو گزشتہ مالی سال 2023-24 کے اختتام پر جی ڈی پی کے مجموعی حجم 57ہزار 476ارب روپے کے مقابلے میں 9ہزار 813 ارب روپے زائد ہے۔ گزشتہ مالی سال دسمبر سے ہی پنجاب کی جی ڈی پی میں اضافہ شروع ہو گیا تھا۔ اس وقت پنجاب کی جی ڈی پی کا مجموعی حجم 57 ہزار 353 ارب روپے تھا جو جون 2024 میں 123 ارب روپے کے اضافے سے 57ہزار 476 ارب روپے ہو گیا اور اب رواں مالی سال کے پہلے 3 ماہ کے دوران 67ہزار 289 ارب روپے کی سطح تک پہنچ گیا ہے۔ واضح رہے کہ ملک کی مجموعی جی ڈی پی میں پنجاب کا شیئر 60 فیصدکے لگ بھگ ہے۔ وفاقی وزارت خزانہ کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال 2024-25کے پہلے 3 ماہ کے دوران ملک کے جی ڈی پی کا مجموعی حجم ایک لاکھ 24 ہزار 150 ارب روپے ہے۔
رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی : پنجاب کی جی ڈی پی میں 17.1 فیصد اضافہ
Nov 30, 2024