لاہور+راولپنڈی(کامرس رپورٹر+سٹاف رپورٹر) ازبکستان کے سفیر علی شیر توقتا یف نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران کو ازبکستان کے دورے کی خصوصی دعوت دی۔ لاہور چیمبر میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تاشقند سے لاہور پہلی براہ راست پرواز کو پاک ازبک تعلقات میں ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا جو دونوں ممالک کے تجارتی اور ثقافتی روابط کو مزید فروغ دے گی۔ صدر میاں ابوذر شاد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین خرم لودھی ، احسن شاہد، وقاص اسلم، احمد امین ملک، منیب منوں، سید سلمان علی، علی عمران، آصف ملک اور فردوس نثار بھی تقریب میں موجود تھے۔ ازبک سفیر علی شیر توقتا یف نے کہا دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں اور جلد ہی دوطرفہ تجارت نئی بلندیوں کو چھوئے گی۔ انہوں نے توانائی، لاجسٹکس، زراعت اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ویزا کے حصول میں آسانی اور براہ راست پروازوں کو مزید فروغ دینے کی بھی اہمیت اجاگر کی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی روابط مزید مستحکم ہوں۔ میاں ابوذر شاد نے 2021 کے ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے اور 2022 کے ترجیحی تجارتی معاہدے کو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے سنگ میل قرار دیا۔