اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے ڈیجیٹل معیشت اور ڈیجیٹل انضمام کواہمیت کاحامل قراردیتے ہوئے اسے ملک کی اقتصادی تبدیلی کے لئے اہم جزو قرار دیاہے، حکومت رابطوں کو بہتر بنانے اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط کرنے کے لئے پرعزم ہے۔یہ بات انہوں نے پاکستان میں نیکسٹ جنریشن موبائل براڈ بینڈ سروسز کی بہتری کے لئے آئی ایم ٹی سپیکٹرم کے اجرا ء پر مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ، چیئرمین پی ٹی اے، سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیکرٹری وزارت قانون اور متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ امریکی کنسلٹنٹ فرم نیرا کی جانب سے کی گئی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جسے پی ٹی اے نے نومبر 2024 میں پی پی آر اے رولز /ای پی اے ڈی ایس کے مطابق پاکستان کی مارکیٹ کا جائزہ لینے، شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کرنے،شعبہ میں اصلاحات اور کامیاب اسپیکٹرم نیلامی کے لئے پالیسی سفارشات اور روڈ میپ تیار کرنے کے لئے مقرر کیا تھا۔ اسپیکٹرم نیلامی کا عمل آئندہ سال اپریل تک مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ڈیجیٹل معیشت اور ڈیجیٹل انضمام کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے اسے ملک کی اقتصادی تبدیلی کے لئے ایک اہم جزو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رابطوں کو بہتر بنانے اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور جدید ایپلیکیشنز کے وسیع پیمانے پر اپنانے کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات مختلف شعبوں میں سماجی و اقتصادی ترقی، اقتصادی سرگرمیوں کی تبدیلی اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوں گے۔