اسلام آباد+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) پی پی پی کا 57واں یوم تاسیس آج منایا جائے گا۔ اسلام آباد کے پارٹی سیکرٹریٹ میں بھی تقریب ہو گی۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری پاکستان پیپلزپارٹی کے 57ویں یوم تاسیس کے موقع پر 30 نومبر بروز ہفتہ شام سوا چھ بجے ملک بھر میں 150 سے زائد اضلاع میں ہونے والی تقریبات سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر کارکنان، حامیوں اور پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن ملک میں جمہوریت، سماجی انصاف اور عوام کے اختیارات کے لیے پیپلز پارٹی کی 57 سالوں پر محیط غیر متزلزل وابستگی کا مظہر ہے۔ مساوات، انسانی حقوق اور معاشی خوشحالی کے اصولوں پر مبنی ایک مساوی معاشرہ قائم کیا جائے۔ انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی فلسطینی عوام کے کاز اور ان کے حق خودمختاری کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے فلسطینی عوام کی آزادی اور خودمختاری کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کے جائز حقوق اور امنگوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت کرے۔ دو ریاستی حل کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہ مسئلے کے پائیدار اور منصفانہ حل کی جانب بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔