حکومت دوبارہ شفاف الیکشن کرائے، خیبر پی کے میں گورنر راج کے حق میں نہیں: فضل الرحمن 

رحیم یار خان ؍ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار)  جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ڈی چوک میں بہت غلط ہوا مگر پی ٹی آئی کو بھی اپنے طرز عمل پر غور کرنا ہوگا۔ رحیم یار خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا جلسے، احتجاج کو اپنے اور دوسروں کیلئے بھی حق سمجھتا ہوں۔ فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کے دور میں بڑا احتجاجی مارچ کیا، اس احتجاج میں کوئی گملا ٹوٹا اور نہ ہی نقصان ہوا۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ آزادی صحافت کی بات کی، صحافیوں کو بھی چاہیے وہ وقت کی نزاکت کو سمجھیں۔ جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے حالات ٹھیک نہیں ہیں اور دونوں صوبوں کی حکومتیں امن و امان کے قیام کیلئے اقدامات نہیں کر رہیں۔ حکومت دھاندلی سے پاک دوبارہ الیکشن کرائے۔ خیبر پی کے میں گورنر راج لگانے کی حمایت نہیں کرتے۔ مولانا فضل الرحمن پنجاب کے تین روزہ دورے پر رحیم یار خان پہنچ گئے۔ جے یو آئی پنجاب کے سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احمد احرار بھی ہمراہ ہیں۔ ترجمان جے یو آئی پنجاب حافظ غضنفر عزیز نے میڈیا کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمن مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط نہ کرنے پر رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں تین روزہ دورہ پنجاب پر رحیم یار خان پہنچ گئے ہیں جہاں ضلعی امیر مولانا عبدالرؤف ربانی کے ادارے اور مکی مسجد کا دورہ کریں گے۔ سربراہ جے یو آئی صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عامر فاروق عباسی کے بیٹے کے ختم قرآن کی تقریب میں شریک ہوں گے۔  جے یو آئی کے مرکزی سرپرست مولانا محمد یوسف کی عیادت کریں گے۔ خانپور میں جے یو آئی کے صوبائی سرپرست مولانا فضل الرحمن درخواستی کی ساس کی وفات پر ان سے تعزیت کریں گے۔ سربراہ جے یو آئی دین پور کا دورہ بھی کریں گے جہاں معروف روحانی شخصیت مولانا مسعود احمد دین پوری سے ملاقات کریں گے۔ سربراہ جے یو آئی اتوار کے روز ملتان کا دورہ کریں گے جہاں وہ مختلف  وفود سے ملاقاتیں اور تقریبات میں شرکت کریں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...