غیر ملکیوں کی جلسوں میں شرکت غیر قانونی، کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات نہیں ہورہے: دفتر خارجہ

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے خبردار کیا ہے کہ وزارت داخلہ نے اسلام آباد احتجاج سے افغان شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔ تمام غیرملکیوں کو کہیں گے کہ پاکستان کے سیاسی معاملات سے دور رہیں۔ دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ گرفتار افغان شہریوں کی تفصیلات وزارت داخلہ جاری کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر ملکی شہریوں کی پاکستانی سیاسی احتجاج میں شرکت مکمل غیر قانونی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ بیلاروس کے صدر نے وزیر اعظم کی دعوت پر دورہ کیا جس میں دوطرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی، متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق اس وقت روس کے سرکاری دورے پر ہیں، ایاز صادق وہاں پر دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے جبکہ پارلیمانی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایم او یو پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان، لبنان میں جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے، ہم لبنان کی خود مختاری کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ اسحق ڈار 2 تا 3 دسمبر ایران کا دورے کریں گے جہاں وہ سی سی او کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، غزہ میں نسل کشی کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے ہفتے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں بھارتی فوج کے کیمپ میں 4 شہریوں کو دوران حراست بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان واقعہ کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کرتا ہے۔ صحافی مطیع اللہ جان کی گرفتاری کے خلاف برطانیہ کے بیان سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ مطیع اللہ جان کو جن حالات میں گرفتار کیا گیا اس پر وزارت اطلاعات تبصرہ کر سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے اور پاکستانیوں پر متحدہ عرب امارات کے سفر کی کوئی ممانعت نہیں۔ پاکستان اور چین کا کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے انگیجمنٹ سے متعلق کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...