کھنڈہ(ابرارحسین صابرسے)سابق چیئر مین بلدیہ ملک عابد داؤ د نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطین پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اہل فلسطین نے اپنی لازوال قربانیوں کے ذریعے اسلاف کے کارناموں کو دہرایا ہے جس پر انسانیت نازکرتی ہے مظلوم فلسطینی عوام اپنے قومی و سیاسی حقوق کیلیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے وہ گزشتہ روز یہاں ,, نوائے وقت,, سے گفتگوکررہے تھے انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں نے قابض اسرائیلی فوجیوں کے سامنے ڈٹ کر جذبہ حریت کی جو تاریخ رقم کی اسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا انکی قربانیاں دنیابھر کی محکوم اور استحصال زدہ قوموں کو ہمیشہ جدوجہد کا درس دیتی رہیں گی انہوں نے کہا کہ 57 مسلم ممالک اسرائیلی جارحیت روکنے کیلیے عملی کردار ادا کرنے کی بجائے بیان بازی اور مذمت تک محدود ہیں جوقابل قبول نہیں اسلامی ممالک کو کھل کر اسرائیل کے خلاف کھڑا ہونا اور مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دینا ہوگا مسئلہ فلسطین دنیا کے پائیدار امن کی بنیاد ہے اگر مشرق وسطی میں بارود برستا رہا تو دیگر خطے بھی جلد لپیٹ میں آجائیں گے انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا جاگے اور جو نہتی عوام ظالموں کا مقابلہ کررہی ہے ان کا کھل کرساتھ دے اسرائیل نے اپنے وحشیانہ طرز عمل سے ثابت کردیا ہے کہ وہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے اور اپنی جنونیت اور طاقت کے نشے میں وہ ظلم کی انتہاکررہا ہے اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے غزہ میں قتل و غارت گری بند کروائے۔