اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی جمہوریت کی پاسداری، وطن عزیز کی نظریاتی اساس کی آبیاری اور قربانیوں کی لازوال داستانیں رقم کرتے ہوئے اپنا 57 واں یوم تاسیس منارہی ہے۔ ہم نے اپنے لیڈر گنوائے، کارکنوں کی شہادتیں دیں، جیلیں کاٹیں، کوڑے کھائے لیکن پاکستان کھپے کے نعرے لگائے۔ ان خیالات کااظہار پاکستان پیپلز پارٹی سینڑل سیکرٹریٹ کے انچارج اور سابق امیدوار قومی اسمبلی سید سبط الحیدر بخاری، ضلعی صدر راجہ شکیل عباسی ایڈوکیٹ،سٹی صدر افتخار شہزادہ اور مرکزی مسیحی رہنما راشد چوہان نے کیا۔ سید سبط الحیدر بخاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی 57 سالہ تاریخ میں ہم نے اپنی پارٹی کے بانی، چیئرمین اور قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قربانی دی، انھوں نے مزید کہا کہ شہید بی بی کاقتل، میرمرتضیٰ و شاہنواز سمیت سانحہ کارساز اور درجنوںسانحات میں ہزاروں کارکنوں کی شہادتیں، پھانسیاں،کوڑے، جیلیں ہمارا جمہوریت کیلئے عزم کو متزلزل نہ کرسکیں۔