غزہ میں اسرائیلی حملے تیز ہو گئے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 100 فلسطینی شہید ہو گئے۔
اسرائیلی فوج نے ان 100 میں سے 75 کو بیت لاہیا کی رہائشی عمارتوں پر بم باری کر کے شہید کیا۔
گزشتہ 2 ماہ کے دوران شمالی غزہ کے جاری اسرائیلی محاصرے میں وحشیانہ زمینی اور فضائی حملوں میں شہداء کی تعداد 2 ہزار 700 تک پہنچ گئی ہے۔دوسری جانب غزہ میں فلسطینیوں کو سنگین غذائی بحران کا سامنا ہے، ایک بیکری کے باہر ہجوم میں بھگدڑ کے دوران 3 خواتین جاں بحق ہو گئیں۔
غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے خبردار کیا ہے کہ محصور علاقے میں بھوک اور مصائب کی صورتِ حال تباہ کن سطح پر پہنچ چکی ہے۔
غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کی جانب سے ورلڈ فوڈ پروگرام سے فوری طور پر خوراک کی تقسیم دوبارہ شروع کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
دوسری جانب لبنان میں جنگ بندی کے چوتھے روز حزب اللّٰہ کے سربراہ سید نعیم قاسم نے سرحد پار حملوں اور اسرائیلی افواج کے ساتھ کئی مہینوں کی لڑائی کے بعد فتح کا اعلان کر دیا ہے۔