اسرائیلی ظلم و زیادتیوں کے خلاف فلسطین کی حمایت میں امریکی اداکارہ میلیسا بریرا کو بیان دینامہنگا پڑ گیا۔ انکے ایک بیان نے ان کا کیریئر ختم کردیا۔تفصیلات کے مطابق میلیسا بریرا ہالی ووڈ کی مشہور فلم سیریز اسکریم میں سیم کارپینٹر کا کردار ادا کر چکی ہیں اور انہوں نے فلسطین پر اپنی رائے دینے کے بعد پیدا ہونے والی مشکلات کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔ ایک حالیہ انٹرویو میں34سالہ میکسیکن اداکارہ نے بتایاکہ یہ میری زندگی کا سب سے تاریک اور مشکل سال تھا کئی بار ایسا لگا جیسے میرا کیریئر ختم ہو چکا ہے۔ بریرا نے انکشاف کیا کہ تنازع کے بعد ان کیلئے کام کے مواقع محدود ہو گئے تھے، دس مہینے تک خاموشی چھائی رہی۔انہوں نے کہاکہ مجھے صرف معمولی اسکرپٹس مل رہی تھیں، لیکن وہ کردار نہیں جن کے بارے میں میں پرجوش تھی۔اداکارہ نے کہاکہ یہ وقت ان کیلئے سیکھنے کا موقع بھی تھا،میں نے اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، اگر کردار دلچسپ نہ ہو، تو میں کام نہیں کرتی۔انہوں نے اسکریم سیریز کیلئے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھے ان فلموں سے بہت کچھ ملا، لیکن اس تلخ یاد کی وجہ سے میرے جذبات میں اب کچھ تبدیلی آ گئی ہے۔