بھارت میں ممبئی کے علاقے اندھیری میں ایئر انڈیا کی پائلٹ سرشتی طولی نے مبینہ طور پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا، تاہم لڑکی نے پھندا لگانے سے قبل اپنے دوست ادتیہ پنڈت کو ویڈیو کال کی تھی جس کی ممبئی پولیس تحقیقات کررہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی خاتون پائلٹ کے دوست نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ ان کی آپس میں تلخی ہوئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق دونوں کے درمیان ہونے والی لڑائی کے بعد بھارتی خاتون پائلٹ نے پھندا لگا کر خودکشی کی اور اس سے قبل اس نے اپنے دوست کو ویڈیو کال کر کے دکھایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سرشتی طولی کے ساتھ ہونے والی گفتگو کے بعد ادتیہ پنڈت نے میسجز کو ڈیلیٹ کردیا تھا۔ ممبئی پولیس نے خودکشی میں معاونت کرنے کے الزام میں ادتیہ پنڈت کو گرفتار کرلیا ہے۔
لڑکی کے دوست نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے سرشتی طولی سے کہا تھا کہ اگر اُس نے خودکشی کی تو اس کے بعد وہ بھی اپنی زندگی کا خاتمہ کرلے گا۔
ادتیہ پنڈت کے موبائل فون کو پولیس نے فرانزک کے لیے ماہرین کو بھجوایا ہے تاکہ اُن کے ڈیلیٹ میسجز کو ریکور کرکے حقائق کا پتہ لگایا جاسکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ خودکشی کرنے والی خاتون پائلٹ کی موت سے قبل ادتیہ پنڈت سے دس بار فون پر بات ہوئی اور اس کے بعد اُن کے فون پر متعدد مس کالز دیکھی گئیں۔
ادتیہ پنڈت نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے سرشتی طولی کو انتہائی قدم اُٹھانے سے روکنے کی پوری کوشش کی اور جب وہ واپس گھر پہنچے تو دروازہ باہر سے بند تھا۔
واضح رہے کہ بھارتی خاتون پائلٹ سرشتی طولی کی عمر 25 برس تھی اور اُن کی لاش ممبئی کے مارول علاقے میں اُن کے کرائے پر لی گئی رہائش گاہ سے برآمد ہوئی تھی