بھارت کی ریاست بہار میں افسوسناک واقعہ رونما ہوا، جب مالی حالات سے پریشان والدین اپنی معصوم بچی فروخت کرنے پر مجبور ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بچی کے والدین کا تعلق ریاست بہار سے ہے جو پیشے کے اعتبار سے مزدور ہیں اور انتہائی غربت کی زندگی گزار رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق غربت کی وجہ سے والدین نے اپنی 4 سالہ بیٹی کو ریاست اڑیسہ سے تعلق رکھنے والے ایک بے اولاد جوڑے کو 40 ہزار بھارتی روپے میں فروخت کیا۔
پولیس نے واقعے کا علم ہوتے ہی کارروائی کی اور بچی کو بازیاب کرایا جبکہ بچی کے والدین سمیت 6 افراد کو حراست میں لے لیا، بچی کے والدین نے دوران تحقیق اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔
اس سے قبل بھارت میں ممبئی کے علاقے اندھیری میں ایک افسوسناک واقع پیش آیا، ایئر انڈیا کی 25 سالہ خاتون پائلٹ سریشٹی تلی نے مبینہ طور پر اپنے فلیٹ میں زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
پولیس نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ واقعے میں خاتون پائلٹ کے دوست کو خودکشی پر اُکسانے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق سریشٹی کی لاش ممبئی کے علاقے اندھیری میں واقع انکے فلیٹ سے برآمد کرلی گئی ہے، خاتون کے دوست 27 سالہ آدتیہ پانڈے کو گرفتار کر کے 29 نومبر تک پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سریشٹی کے انکل نے اپنی شکایت میں الزام لگایا ہے کہ آدتیہ پانڈے اکثر ان کے ساتھ بدسلوکی اور جھگڑا کرتا تھا، جس کے سبب سریشٹی انتہائی قدم اُٹھانے پر مجبور ہوگئی۔ پولیس نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔