تربیلا اور منگلہ ڈیم میں پانی کا اخراج کم ہونے سے بجلی کی ہائیڈرل پیداوار نصف سے بھی کم رہ گئی

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کا اخراج کم ہونے سے بجلی کی ہائیڈل پیداوار نصف سے بھی کم رہ گئی۔ دوسری جانب فرنس آئل نہ ملنے کے باعث کئی تھرمل پاور ہاؤسز بھی بند پڑے ہیں ۔ موسم سرد ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ میں کمی نہیں ہو سکی جس کی بنیادی وجہ بجلی کی ہائیڈل اور تھرمل پیداوار میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ ہائیڈل پیداوار 3 ہزار اور تھرمل ساڑھے 6 ہزار میگاواٹ ہے۔ ڈیمانڈ اور سپلائی میں فرق پورا کرنے کے لئے ملک بھر میں 8 سے 15 گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے وزارت پانی و بجلی کے ذرائع کے مطابق بجلی بحران کے باوجود کراچی کو روزانہ 6 سو میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ پیپکو کو درپیش مالی بحران کے باعث فرنس آئل کی خریداری انتہائی کم رہ گئی ہے اور آنے والے دنوں میں بحران مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ دریں اثناء ملک میں بجلی کی طلب و رسد کے درمیان فرق 2053 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ وزارت پانی و بجلی کے ترجمان نے کہا کہ اس وقت بجلی کی مجموعی پیداوار 11121 میگاواٹ اور طلب 13174 میگاواٹ ہے جبکہ کے ای ایس سی کو 640 میگاواٹ بجلی یومیہ فراہم کی جا رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن