مشرف مسخرے ہیں‘ امریکہ نے تولئے کی طرح استعمال کرکے پھینک دیا: عابدہ حسین

Oct 30, 2010

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (رفیعہ ناہید اکرام) پیپلز پارٹی کی رہنما بیگم سیدہ عابدہ حسین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ جرنیلوں کے ہاتھوں استعمال ہونے والی رجعت پسند جماعت ہے جو لیاقت علی خان کے بعد کبھی متحد نہیں ہوئی۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے عابدہ حسین نے کہا کہ میں نواز شریف کو داد دیتی ہوں کہ وہ مشرف سے ڈیل کرکے بیرون ملک تو چلے گئے مگر کبھی فوجی آمر کی حمایت نہیں کی جبکہ دوسرا ”لیگی ٹولہ“ مشرف کے دسترخوان پر بیٹھ کر ہڈیاں چباتا رہا اور اختلافات ہونے پر ٹکڑوں میں بٹ گیا۔ انہوں نے پرویز مشرف کو مسخرا قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے انہیں تولئے کی طرح استعمال کرکے لانڈری میں پھینک دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم ملک کے لئے مفید ہے تاہم دوسرے صوبوں کی حمایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی بدامنی میں سبھی قصوروار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ہم خیال مشرف دور کے 8،10 وزراءپر مشتمل ہے انہیں وزارتیں یاد آئیں تو ”ہم خیال“ ہو گئے۔ انہوں نے عاصمہ جہانگیر کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ لبرل فورسز کی کامیابی اور رجعت پسندوں کی ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت کی روح (مفاہمت کی سیاست) پر آج بھی عمل جاری ہے مگر مسلم لیگ ن ”تخت لاہور“ کی ذہنیت سے باہر نکلنے کو تیار نہیں۔
عابدہ حسین
مزیدخبریں